بری فوج کے سربراہ نے کہاہے کہ ہم دوسروں کیلئے آلہ کار بننے کے خلاف ہیں اور کسی کو اپنی سرزمین اس کیلئے استعمال نہیں کرنے دیں گے۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ صورتحال کو تبدیل کردے گا:آرمی چیف
02 اکتوبر 2015 (10:47)
0

بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ صورتحال کو تبدیل کردے گا اورخطے میں استحکام لائے گا۔یہ بات انہوں نے لندن میں انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار سٹرٹیجک سٹڈیز اور دارالعوام میں ملاقات کے موقع پر کہی۔آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہم اقتصادی راہداری منصوبے کو کامیاب بنانے کیلئے ہرممکن کوشش کریں گے۔

جنرل راحیل شریف نے کہاکہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی سے واضح اثرات مرتب ہوئے ہیں اور سکیورٹی فورسز ملک بھر میں دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانوں کا تعاقب جاری رکھیں گی۔
انہوں نے زور دیا کہ ہمارے ماحول اور پس منظر میںاس بات کو سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ہم دہشت گردوں اوران کے ٹھکانوں کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔بری فوج کے سربراہ نے کہاکہ ہمیں عالمی برادری سے امید ہے کہ وہ علاقائی امن کیلئے اپنا کردار ادا کرے گی۔


انہوں نے کہا اب جبکہ ہم مختلف دہشت گرد گروہوں سے جنگ کررہے ہیں کسی نئے مسئلے کو سر اٹھانے نہیں دیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اورعالمی برادری کو اس پرتوجہ دینے کی ضرورت ہے۔بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ طویل مدت کامیابی کیلئے ہم سب کو تمام دہشت گرد تنظیموں کو مالی امداد کی فراہمی پر کڑی نگاہ رکھنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم دوسروں کیلئے آلہ کار بننے کے خلاف ہیں اور کسی کو اپنی سرزمین اس کیلئے استعمال نہیں کرنے دیں گے۔