مشیر خارجہ نے کہاہے کہ پاکستان نے ملک سے ہرطرح کی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن شروع کررکھا ہے۔

بھارت پاکستان میں دہشتگردسرگرمیوں میں ملوث ہے:سرتاج عزیز
02 اکتوبر 2015 (10:39)
0

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردسرگرمیوں میں ملوث ہے۔نیویارک میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے دہشتگردو ں کی معاونت سے متعلق بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ملک سے ہرطرح کی دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن شروع کررکھا ہے۔


سرتاج عزیز نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے اورعالمی امن کیلئے دی گئی ہماری ان قربانیوں کا پوری دنیا نے اعتراف کیا ہے۔انہوں نے کہا اقوام متحدہ میں پاکستان کی سفیر ملیحہ لودھی نے فاٹا، بلوچستان اورکراچی میں دہشت گردی کی کارروائیوںمیں بھارت کے ملو ث ہونے سے متعلق شواہد پر مبنی دستاویزات عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل کے حوالے کردی ہیں، اس کے علاوہ پاکستان نے پندرہ ملکوں کے وزرائے خارجہ کو کنٹرو ل لائن اورورکنگ بائونڈری پربھارتی جارحیت سے بھی آگاہ کیا ہے۔


مشیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب معاملات امن مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے جبکہ بھارت صرف دہشتگردی پر زور دے رہا ہے انہوں نے کہا بعض عناصر دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ کی آڑ میں مظلوم لوگوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کو کچلنے کی کوشش کررہے ہیں۔