مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے بھارت کی طرف سے پاکستان پر دہشت گردوں کی مالی معاونت کے الزامات مسترد کر دیئے۔

 بھارتی مداخلت کے ثبوت اقوام متحدہ کے حوالے
02 اکتوبر 2015 (19:28)
0

  مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے بھارت کی طرف سے پاکستان پر دہشت گردوں کی مالی معاونت کے الزامات مسترد کر دیئے ہیں۔
انہوں نے نیو یارک میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کراچی، بلوچستان اور فاٹا میں ہونے والی دہشت گردی میںبھارت کے ملوث ہونے کے ثبوت اقوام متحدہ کو فراہم کر دیئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ بھارت کے ساتھ حل طلب تمام مسائل با ت چیت کے ذریعے حل کرنے پرزور دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام مسائل پر بات چیت کرنے کو تیار ہے مگر وہ صرف دہشت گردی پر بات چیت کرنا چاہتا ہے۔
مشیر خارجہ نے کہا کہ پندرہ ملکوں کے وزرائے خارجہ کو بھارت کی ہٹ دھرمی اور جارحیت کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے اوفا اعلامیے کے تحت باہمی مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پراتفاق کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔
ایک سوال پر سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں قندوز پر حملے کے بعد کی صورتحال پر تشویش ظاہر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن اور استحکام کی حمایت کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں مصالحتی عمل پھر شروع کرنے کا عزم کر رکھا ہے۔