مشیر خارجہ نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم نے بھی کشمیر کی آزادی کو دہشت گردی کا نام دینے کی بھارتی کوششوں کو واضح طور پر مسترد کر دیا ہے۔

File Photo

 عالمی برادری نے تحریک آزاد ی کشمیر کو دہشت گردی کا رنگ دینے کی بھارتی کوششیں مسترد کر دیں،سرتاج
02 مئی 2017 (17:47)
0

امور خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے تحریک آزادی کشمیر کو دہشت گردی کا رنگ دینے کی کوشش کو عالمی برادری نے مسترد کر دیا ہے۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ دنیا میں کوئی بھی بھارت کے اس دعوے کو تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں کہ مسئلہ کشمیر سرحد پار دہشت گردی کا مسئلہ ہے۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارتی حکومت نے گزشتہ سال سو سے زائد نہتے کشمیری نوجوانوں کو بے دردی سے قتل اور ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا کر مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھانے کا اپنا ریکارڈ توڑ ڈالا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم نے بھی کشمیر کی آزادی کو دہشت گردی کا نام دینے کی بھارتی کوششوں کو واضح طور پر مسترد کر دیا ہے۔۔
مشیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ایسے بیانات کا ہمیشہ خیرمقدم کیا ہے جن کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کے مسائل اور کشمیر کے مسئلے کا حل تلاش کرنا ہے۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کیلئے تیار رہنے کا بھارتی دعویٰ اب قابل اعتبار نہیں ہے کیونکہ گزشتہ دو عشروں سے بھارت اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق بامقصد مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل کرنے کے تمام مواقع ضائع کر چکا ہے۔