ڈی جی ملٹری آپریشن نے بھارتی ہم منصب کے ساتھ ہاٹ لائن رابطے میں کہا کہ پاکستانی فوجیوں نے کنٹرول لائن عبورنہیں کی۔

پاکستان نے بھارتی فوجیوں کو ہلاک کرکے ان کی بے حرمتی کے بھارتی الزامات مسترد کردیئے
02 مئی 2017 (15:55)
0

پاکستان نے بھارت کے ان بے بنیاد اور من گھڑت الزامات کو مسترد کردیا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ پاک فوج نے اس کے فوجیوں کوہلاک کرکے ان کی بے حرمتی کی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج کے ڈی جی ملٹری آپریشن نے یہ بات آج اپنے بھارتی ہم منصب کے ساتھ معمول کے ہفتہ وار ہاٹ لائن رابطے کے دوران کہی۔ڈی جی ملٹری آپریشن نے کہا کہ مذکورہ سیکٹر میں نہ کوئی جنگ بندی کی خلاف ورزی ہوئی ہے اور نہ ہی پاکستانی فوجیوں نے کنٹرول لائن عبور کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستانی فوج ایک انتہائی پیشہ ور فوج ہے اور اس نے اعلیٰ اخلاقی اقدار کو برقرار رکھا ہوا ہے فوجیوں کی لاشوں کی بے حرمتی کے بھارتی الزامات کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے عالمی توجہ ہٹانا ہے۔
ڈی جی ملٹری آپریشن نے شواہد فراہم کرنے کے لئے کہا اوراس بات پر زوردیا کہ بھارتی فوج اپنے علاقے میں اس واقعے کی تحقیقات کرے۔انہوں نے اپنے بھارتی ہم منصب کوخبردار کیا کہ پاکستان کنٹرول لائن پر امن، آشتی برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہے تاہم کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔