وزیراعظم کا دریائے سندھ پر لیہ اور تونسہ کے درمیان پل کاسنگ بنیاد
02 مئی 2017 (06:28)
0

نوازشریف کا ضلع لیہ میں ہیلتھ کارڈجاری کرنے،چوک اعظم، کروڑ لعل عیسن اور فتح پور کو گیس فراہمی کا اعلان۔

وزیراعظم محمد نوازشریف نے منگل کو لیہ میں دریائے سندھ پر تعمیر ہونے والے نئے پل اور سڑک کا سنگ بنیاد رکھا دیا۔ لیہ سے تونسہ تک تعمیر ہونے والایہ پل 700کروڑ لاگت سے مکمل ہوگا۔پل کی لمبائی 1.55کلومیٹر ہے اوراس کے دونوں جانب کی سڑکوں کوملا کر منصوبے کی کل طوالت 24.1کلومیٹر بنتی ہے۔ سڑک اورپل کی تعمیر سے لیہ اور تونسہ کے درمیان فاصلہ 50کلومیٹر کم ہوجائے گا اور دوگھنٹے کا فاصلہ صرف آدھے گھنٹے میں طے ہوسکے گا۔ وزیراعظم نوازشریف نے لیہ، چوک اعظم، فتح پور اور کروڑ لعل عیسن کےلئے سوئی گیس کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعظم نے چک 128سے سمرا نشیب تک 50کلومیٹر سڑک کی تعمیر کے احکامات بھی جاری کئے۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ ہیلتھ کارڈ سکیم میں لیہ کوبھی شامل کیاگیا ہے اور چند روز میں مختلف ٹیمیں آکر لیہ میں سروے کریں گی جس کے بعد مستحقین کو ہیلتھ کارڈ جاری کئے جائیں گے جن کے ذریعے وہ حکومت کے خرچ پر علاج معالجے کی سہولتیں حاصل کرسکیں گے۔