سفیر پاکستان نے حقانی نیٹ ورک کی پاکستان میں موجودگی کا الزام مسترد کر دیا۔

پاکستان،افغانستان کو انسداد دہشت گردی کیلئے ملکر کام کرنا چاہئے،اعزاز چودھری
02 جون 2017 (22:52)
0

امریکہ میں پاکستان کے سفیراعزازاحمدچودھری نے کہاہے کہ پاکستان اور افغانستان کو انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کیلئے ملکرکام کرناچاہیے۔
انہوں نے واشنگٹن ٹائمزکوایک انٹرویو میں افغان خفیہ ایجنسی کی جانب سے ان الزامات کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کردیا کہ حقانی نیٹ ورک پاکستان میں شمالی وزیرستان کے علاقے میں محفوظ ٹھکانوں سے کارروائیاں کررہاہے۔
اعزاز چودھری نے کہاکہ حقانی نیٹ ورک شمالی وزیرستان میں بڑے پیمانے پر انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے باعث راہ فرار اختیار کرکے افغانستان کا رخ کرچکاہے اوروہاں اس کیخلاف کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں ناکامیوں کی ذمہ داری پاکستان پرڈالنے سے کسی ملک میں بھی سلامتی کی صورتحال بہتربنانے میں مددنہیں ملے گی۔