فریقین کا افغانستان اور خطے کی موجودہ سلامتی صورتحال پر تبادلہ خیال۔

02 جون 2017 (18:18)
0

قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن و استحکام چاہتاہے اور اس سلسلے میں تمام کوششوں میں تعاون کرنے کو تیار ہے۔
انہوں نے یہ بات جمعہ کے روز اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریوسے ملاقات میں کہی۔
فریقین نے افغانستان میں سیکورٹی صورتحال اور پاک بھارت تعلقات کے خصوصی حوالے سے خطے کی سلامتی کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
جاپان کے سفیر تاکاشی کرائی نے بھی آج اسلام آباد میں قومی سلامتی کے مشیر سے ملاقات کی۔
انہوں نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی سلامتی کی صورتحال میں بہتری سے متعلق امور پر بات چیت کی ، فریقین نے افغانستان میں امن و مصالحت کی تعمیری کوششوں میں تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔
پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے بھی آج اسلام آباد میں قومی سلامتی کے مشیر سے ملاقات کی۔


ملاقات میں باہمی تعلقات کے فروغ سے متعلق امور اور سیکورٹی او ر سرحدی انتظام کے معاملات زیر غور آئے۔
ناصر جنجوعہ نے کہا کہ پاکستان نے باہمی تعلقات کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں پر قابو پانے کا تہیہ کررکھاہے۔
انہوں نے پاکستان اور ایران کے تعلقات مستحکم کرنے اور اچھے روابط کے ذریعے سرحدی انتظام بہتر بنانے کے لئے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔