سینیٹر جان مکین کی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور قربانیوں کی تحسین۔

02 جولائی 2017 (19:16)
0

مشیرخارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ خطے میں اوراس کے باہر ا من واستحکام کیلئے پاکستان اور امریکہ کے درمیان سٹرٹیجک شراکت داری اہم ہے۔
وہ اتوار کے روز اسلام آباد میں سینیٹرجان مکین کی قیادت میں امریکی سینٹ کے پانچ رکنی وفد سے گفتگو کررہے تھے ۔
مشیرخارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان طویل مدتی تعاون کی اہمیت کو اجاگرکیا اور انہوں نے اس شراکت داری کو متنوع اور کثیرجہتی بنانے کی ضرورت پر زوردیا ۔
اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے سینٹر جان مکین نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کرداراورقربانیوں کوسراہا ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون بہت اہم ہے ۔
سرتاج عزیز نے وفد کو آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے ذریعے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں کے بارے میں بتایا ۔
مشیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان ، افغانستان پائیدار امن واستحکام کیلئے کوششوں میں تعاون کیلئے پرعزم ہے ۔
مشیر خارجہ نے بھارتی سیکورٹی فورسز کی جانب سے کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش ظاہر کی ۔
مشیر نے کہاکہ پاکستان کشمیر کے نصب العین کی حقانیت اور کشمیریوں کی حق خودارادیت کیلئے پرامن جدوجہد کی حمایت کرتا ہے ۔