file photo

پاکستان نے بھارت کیساتھ قونصلر رسائی معاہدے پر موثر عملدرآمد یقینی بنایا: نفیس زکریا
02 جولائی 2017 (12:18)
0

دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے ساتھ قونصلر رسائی کے دوطرفہ معاہدے پر موثر عملدرآمد یقینی بنایا ہے۔
آج اسلام آباد میں ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ قونصلر رسائی کے حوالے سے 2008 کے معاہدے پر عملدرآمد کے حوالے سے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنی سزا کی مدت پوری کرنے والے پانچ بھارتی باشندوں کو گزشتہ ماہ واپس بھیجا گیا ہے۔
اس کے برعکس بھارت میں اپنی سزائوں کی مدت پوری کرنے والے 20 پاکستانی باشندے تاحال واپسی کے منتظر ہیں جبکہ 107 پاکستانی ماہی گیروں اور25 دیگر پاکستانی باشندوں تک قونصلر رسائی کا معاملہ بھی زیر التوا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستانی مریضوں کے لئے میڈیکل ویزے پر شرائط لاگو کئے جانے سے بھارت کے انسانی ہمدردی کے دعوے حقیقت کے منافی نظر آتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے قونصلر رسائی کے دوطرفہ معاہدے پر ان کی روح کے مطابق عملدرآمد کیا ہے او ر توقع کرتا ہے کہ بھارت بھی مخصمانہ طرزعمل کے بجائے اسی جذبے کا مظاہرہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے کمانڈر یادیو کے معاملے کو ماہی گیروں اور دوسرے قیدیوں کے ساتھ جوڑنا خلاف منطق ہے۔