آل پاکستان انجمن تاجراں کے جنرل سیکرٹری نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی طرف سے اعلان کردہ پیکج بہترین قومی مفاد میں ہے۔

رضا کارانہ ٹیکس ادائیگی سکیم کا مقصد قومی معیشت کا استحکام ہے:تاجر
02 جنوری 2016 (19:16)
0

تاجروں نے کہا ہے کہ رضا کارانہ ٹیکس ادائیگی سکیم کا مقصد قومی معیشت کا استحکام ہے اور اسے سیاسی رنگ نہیں دیا جانا چاہئے۔

آل پاکستان انجمن تاجراں کے جنرل سیکرٹری نعیم میر نے دیگر عہدیداروں کے ساتھ ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی طرف سے اعلان کردہ پیکج بہترین قومی مفاد میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے تاجروں کے مطالبات کے مطابق سکیم کا اعلان کیا ہے اور اس سے غیر دستاویزی معیشت کو باضابطہ بنایا جاسکے گا۔
انہوں نے کہا کہ سکیم پر تین سال عملدرآمد کے دوران دس لاکھ ٹیکس دہندگان شامل کئے جائیں گے۔
نعیم میر نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ بعض سیاسی رہنمائون نے اسے ایسی ایمنسٹی سکیم قرار دیا جس کا مقصد کالے دھن کو سفید کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں اور سیاسی جماعتوں کو وفاقی حکومت سے اختلافات ہوسکتے ہیں تاہم اس سے ایک اچھی سکیم کو نقصان نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اچھے اقدام کی مخالفت کے بجائے سیاسی رہنمائوں کو اس کی کامیابی کیلئے تعاون کرنا چاہئے کیونکہ 35 لاکھ تاجروں نے معیشت کے استحکام کیلئے اس کا خیر مقدم کیا ہے۔
انجمن تاجران کے نمائندوں نے کہا کہ وہ حزب اختلاف کے ارکان پارلیمنٹ کو بریفنگ دینے کو تیار ہیں اور انہیں اس سلسلے میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی طرف سے کل پیش کئے گئے بل کی حمایت کرنی چاہئے۔
ایک سوال کے جواب میں تاجروں کے نمائندوں نے کہا کہ انہوں نے حکومت سے معاہدہ کیا ہے اور وہ ہر قیمت پر اس کی پابندی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیاستدانوں یا تاجروں کے کسی گروپ سمیت کسی کو بھی اس سکیم کو سبوتاژ نہیں کرنے دیں گے جس کا مقصد معیشت کی بہتری ہے۔

  دریں اثناء راولپنڈی کے ایوان صنعت وتجارت کے صدر میاں ہمایوں پرویز نے حکومت کی جانب سے فائلرز اور نان فائلر تاجروں کی رجسٹریشن کیلئے اعلان کردہ رضا کارانہ ٹیکس کمپلائنس سکیم کا خیر مقدم کیا ہے۔
راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر نے نان فائلر کیلئے علیحدہ نظام قائم کرنے اور انہیں ٹیکس دہندگان کے دھارے میں لانے کیلئے حکومتی کوششوں کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ تاجر برادری ملک میں کارروباری سرگرمیوں اور ملکی خوشحالی میں اپنا موثر کردار ادا کرتی ہے۔