نوازشریف نےکہاہےکہ حکومت نےملک میں امن وامان کی بحالی اورانسداددہشتگردی جیسےمسائل سےنمٹنےکیلئےمتعدد اقدامات کئے ہیں۔

ملک کی وسیع ترترقی کیلئےٹیکسوں کی ادائیگی میں شفافیت ضروری ہے:وزیراعظم
02 جنوری 2016 (12:44)
0

وزیراعظم نواز شریف نے کہاہے کہ ملک کی وسیع تر ترقی اور خوشحالی کیلئے ٹیکسوں کی ادائیگی میں شفافیت ضروری ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں رضا کارانہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی سکیم کے آغاز کے موقع پر کیا۔ اس سکیم کا مقصد ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والے تاجروں کی رجسٹریشن اورغیردستاویزی معیشت کوباضابطہ بناناہے۔انہوں نے کہا محصولات کی ادائیگی سے معیشت مستحکم ہوگی، بیروزگاری اورغربت میں کمی آئے گی، سرمایہ کاروں کو مزید سرمایہ کاری کی ترغیب ملے گی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ملک کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔


وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ملک میں امن و امان کی بحالی اورانسداد دہشت گردی جیسے مسائل سے نمٹنے کیلئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں امن کیلئے کراچی میں امن ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا حکومت صحت، تعلیم اور سڑکوں کی تعمیر سمیت دوسرے شعبوں میں اصلاحات کیلئے ضروری اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین سے چار برس پہلے کے مقابلے میں آج ملک کی صورتحال میں نمایاں بہتری آچکی ہے۔


انہوں نے کہا اقتصادی اصلاحات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور ملک میں معاشی خوشحالی سے قوم کی تقدیر بد ل جائے گی۔وزیراعظم نے کہاکہ اقتصادی ترقی میں تاجروں کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے اور حکومت تاجروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت باہمی افہام و تفہیم اورمشاورت سے مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے اور یہ جذبہ ملک کو ترقی اورخوشحالی کی راہ پر گامزن کرے گا۔