جنرل راحیل شریف نے سول حکام کے ساتھ مل کر گوادر کو مقامی اورغیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے محفوظ شہر بنانے کے عزم کا اظہارکیا ۔

آرمی چیف کی بلوچستان میں منصوبوں پرکام کرنےوالےانجینئروں اورمزدوروں کی سکیورٹی کیلئےسخت اقدامات کی ہدایت
02 جنوری 2016 (13:04)
0

بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے گوادر کی بندرگاہ اور دیگر منصوبوں پر کام کرنے والے انجینئروں اور مزدوروں کی سکیورٹی کیلئے سخت اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے یہ ہدایات تربت ،Talar اورگوادر کے دورے کے دوران دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر دیں۔ انہوں نے مکران ڈویژن میں امن کی بحالی کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کااظہار کیا۔انہوں نے سول حکام کے ساتھ مل کر گوادر کو مقامی اورغیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے محفوظ شہر بنانے کے عزم کا اظہارکیا ۔

انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں سے ملک کے عوام خصوصاً بلوچستان کے لوگوں کامعیار زندگی بہتر ہوگا اور علاقے میں خوشحالی آئے گی۔بری فوج کے سربراہ نے شاہراہوں کے وسیع نظام کی تعمیر کے لئے انتھک کوششیں کرنے اور قربانیاں دینے پر فوج کے جوانوں کی تعریف کی۔مقامی عمائدین سے ملاقات کے دوران انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کے لئے غیر مشروط تعاون اورمدد فراہم کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔


جنرل راحیل شریف نے اس بات پر زوردیا کہ سامان اورتوانائی کی تجارت کے لئے علاقائی مرکز کی حیثیت سے بلوچستان کی اہمیت کا اسی صورت میں احساس دلایا جاسکتا ہے جب اس کی سکیورٹی اورترقی کیلئے مشترکہ قومی سوچ اپنائی جائے۔بری فوج کے سربراہ کو بتایا گیا کہ مکران ڈویژن میں سکیورٹی کی مجموعی صورتحال بہتر ہوئی ہے اورعسکریت پسندی میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔