مقبوضہ کشمیر:مسرت عالم بٹ کیخلاف کالے قانون کے تحت ایک بار پھر مقدمہ درج
02 دسمبر 2015 (14:29)
0

مقبوضہ کشمیر میں کٹھ پتلی انتظامیہ نے غیرقانونی طور پر گرفتار حریت رہنماء اور جموں وکشمیر مسلم لیگ کے چیئرمین مسرت عالم بٹ کے خلاف کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت ایک بار پھر مقدمہ درج کیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مسرت عالم بٹ کو اس سال سترہ اپریل کو گرفتارکیا گیا اور ان کے خلاف ایک ریلی کے دوران پاکستان کے حق میں نعرے بازی کرنے اور پاکستانی پرچم لہرانے کا مقدمہ درج کیا گیا۔
جموں وکشمیر مسلم لیگ کے ترجمان محمد رفیق گنائی نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ مسرت عالم بٹ نے کالے قانون کے تحت اپنی قید کی مدت تیس نومبر کو پوری کر لی تھی ۔
بیان میں مسرت عالم بٹ کی مسلسل غیرقانونی گرفتاری پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکام کی طرف سے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کا نوٹس لیں۔