وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے اپنا کردار ادا کیا۔

بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کورجسٹریشن کیلئے ایک ماہ کی مہلت دی گئی ہے:نثار
02 دسمبر 2015 (09:23)
0

وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں کوحکومت کی نئی پالیسی کے تحت رجسٹریشن کیلئے ایک ماہ کی مہلت دی گئی ہے۔

اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن نہ کرانے والی تنظیموں کو اگلے ماہ کی پہلی تاریخ کو ملک چھوڑنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس توسیع کا مقصد یہ واضح پیغام پہنچانا ہے کہ پاکستان ان غیر سرکاری تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہش مند ہے جو پاکستانی قوانین کے دائرے میں رہ کرکام کرنے کیلئے تیا ر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 129 بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں نے گزشتہ حتمی تاریخ سے پہلے رجسٹریشن کیلئے درخواست دی ان کی درخواستوں کی تصدیق کا عمل شروع کردیاگیا ہے۔

وزیرداخلہ چوہدری نثار نے بتایا کہ حکومت نے عمران فاروق کے قتل کی ایف آئی آر پاکستان میں درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت نے جرائم پیشہ عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے اپنا کردار ادا کیا۔


یورپ کے مختلف ملکوں میں پاکستانی تارکین وطن کو پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے یورپی یونین سے کہا ہے کہ اس کے شہریوں کے ساتھ مناسب سلوک کیا جائے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ پاکستان اس مسئلے پر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور ایران کے ساتھ بھی بات چیت کرے گا کہ پاکستانی شہریوں کی عزت نفس مجروح نہیں ہونی چاہیے۔