Sunday, 15 December 2019, 06:20:20 pm
وزیر خارجہ اور سری لنکن قیادت کا باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
December 02, 2019

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پیرکے روز کولمبو میں سری لنکا کے نئے منتخب صدر گوتا بایا راجاپاکسے سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ نے پاکستانی قیادت اور قوم کی طرف سے گوتا بایا راجا پاکسے کو سری لنکا کے 7 ویں صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

شاہ محمود قریشی نے سری لنکا کے صدر کو صدر مملکت عارف علوی کا خط بھی پہنچایا جس میں انہیں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی گئی۔

وزیر خارجہ نے اس موقع پر یقین ظاہر کیا کہ گوتا بایا پاکسے کی قیادت میں پاکستان اور سری لنکا کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے دہشتگردی کا بہادری سے مقابلہ کرنے پر سری لنکا کے عوام کی تعریف کی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے سری لنکا کے مشکل وقت میں ہمیشہ اس کا ساتھ دیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سرمایہ کاری اور تجارتی تعلقات کے فروغ کی وسیع گنجائش ہے۔

سری لنکا کے صدر نے اپنے انتخاب پر نیک خواہشات کا اظہار کرنے اور دورے کی دعوت دینے پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

سری لنکاکے نومنتخب وزیراعظم مہندا راجا پاکسے کے ساتھ ملاقات کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت سری لنکا کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔

ملاقات کے دورا ن دوطرفہ تعلقات' اقتصادی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے ملاقات کے دوران مہندا راجا پاکسے کو وزیراعظم کا ایک خصوصی خط بھی دیا۔

خصوصی خط میں عمران خان نے اپنے سری لنکا کے ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عمران خان سری لنکا کے ساتھ کثیر جہتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سال ستمبر میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان سے عالمی کرکٹ بحال ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ ٹیسٹ سیریز کیلئے بھی سری لنکا کرکٹ ٹیم کے دورے کے منتظر ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے سری لنکا کے وزیراعظم کو پاکستان کی اقتصادی سفارتکاری کے حالیہ اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

سری لنکا کے وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے شاہ محمود قریشی کے دورے کا خیر مقدم کرتے ہوئے دورہ پاکستان کی دعوت پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کولمبو میں سری لنکا کے وزیر خارجہ Dinesh Gunawardena سے بھی ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان گہرے دوستانہ تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر ایک دوسرے کی حمایت کی ہے۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ بھارت ستر سال سے زائد عرصے سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل پامالیاں کررہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے دونوں ملکوں کا باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کا موجودہ حجم بڑھانے کیلئے سری لنکا کے ہم منصب کو تاجروں کے وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی امن اور استحکام کے لئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

بعد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ فریقین نے دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ تعلقات کو مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔