Sunday, 15 December 2019, 05:58:22 pm
نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعظم
December 03, 2019

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اقتصادی استحکام کا حصول اور نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔

انہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں حکومت کی معاشی ٹیم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عام آدمی کو ریلیف دینے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔

وزیراعظم نے وزارتوں اور محکموں کے درمیان رابطے بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی اور اس حوالے سے مختلف انداز فکر اختیار کرنے کیلئے کہا۔

ایف بی آر کے چیئرمین نے وزیراعظم کو برآمدکنندگان کو ریفنڈز کی ادائیگی کیلئے کئے گئے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے ایف بی آر سے کہا کہ وہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے برآمد کنندگان کی سہولت کیلئے ریفنڈز ادائیگیوں کا عمل مزید آسان بنائے۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کی بدولت ملک معاشی طور پر مستحکم ہوا ہے اور تاجروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔

پٹرولیم کے بارے میں معاون خصوصی ندیم بابر نے اجلاس کو تاپی گیس پائپ لائن منصوبے پر پیشرفت سے آگاہ کیا۔

اجلاس کو بتایاگیا کہ برآمدات میں اکتوبر کے مہینے میں چھ فیصد اور گزشتہ ماہ نو اعشاریہ چھ فیصد اضافہ ہوا جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کی نسبت زیادہ ہے۔ وزیراعظم نے اس مثبت رجحان پر اطمینان ظاہر کیا۔

وزیراعظم کو بتایاگیا کہ اعلیٰ عدلیہ میں ایف بی آر سے متعلق ایک ہزار نواسی میں سے پانچ سو اکاون کیسز کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ دو سو پچاسی کیس زیر سماعت ہیں۔

وزیراعظم نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ عدالتوں میں زیر سماعت کیسز کو فوری طور پر نمٹانے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقدمات کے جلد تصفیے سے تاجروں کے مسائل حل ہوں گے۔