Sunday, 15 December 2019, 05:54:59 pm
پاکستان پروگرام کے آغاز سے نوجوان ہنر سیکھ کر ملکی معیشت میں کردار ادا کرینگے، اسدعمر
December 02, 2019

منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں اور انہیں اپنا کاروبار شروع کرنے میں بھرپور مدد کی جائے گی۔

پیر کے روز اسلام آباد میں پاکستان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور اجتماعی ' جامع اور پائیدار انداز میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نیا کاروبار شروع کرنے کے دس ہزار پروگراموں کے تحت2023 تک دس لاکھ سے زائد طلباء کو تربیت دی جائے گی۔

اسد عمر نے کہا کہ دنیا میں چھوٹے کاروبار کے ذریعے نوکریاں پیدا کی جارہی ہیں اور پاکستان اس میں کامیاب ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو کامیابی کیلئے ''چھوٹے پیمانے پر کاروبار شروع کرکے اسے توسیع دینے'' کی سوچ اپنانی چاہیے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کے امور کے بارے میں وزاعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ اس پروگرام کی تربیت حاصل کرنے والے نوکریاں مانگنے کی بجائے نوکریاں فراہم کرنے والے بن جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام تاجروں کو کاروبار کیلئے رقم' رہنمائی' تربیت اور د یگر متعدد فوائد فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے اجراء کے بعد پندرہ روز کے اندر دس لاکھ نوجوانوں نے قرضے کیلئے درخواستیں دیں۔

ان میں سے چھ لاکھ نوجوان اپنا نیا کاروبار شروع کرنا چاہتے تھے۔ یہ پروگرام اس لحاظ سے بھی منفرد ہے کہ اس میں تقریباً دو لاکھ نوجوانوں نے قرضے کیلئے بھی درخواستیں دی ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم جلد درخواست گزاروں میں چیک تقسیم کریں گے۔

عثمان ڈار نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے قابل بنانے کیلئے ہنر سب کیلئے انٹرن شپ پروگرام بھی جلد متعارف کرا رہی ہے انہوں نے کہا کہ سرکاری اور نجی دونوں شعبوں میں روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔