مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے جاری محاصرے اورسخت پابندیوں کے دوران دو خواتین اورتین لڑکوں سمیت 38 کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔محاصرے اور پابندیوں کو چار ماہ مکمل ہو گئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لاک ڈائون کے دوران اڑتیس میں سے سات کشمیریوں کو جعلی مقابلے یا حراست کے دوران شہید کیاگیا ۔ فوجیوں کی طرف سے پر امن مظاہرین پر فائرنگ کی وجہ سے 853کشمیری شدید زخمی ہوئے ۔
کم سے کم گیارہ ہزار چار سو حریت رہنما، کارکن، سیاست دان ، تاجر اور سول سوسائٹی کے ارکان مسلسل جیلوں یاگھروں میں نظربند ہیں۔
اس عرصے کے دوران بھارتی فوجیوں نے 39خواتین کی بے حرمتی یا عصمت دری کی ۔
قابض انتظامیہ نے 5 اگست کے بعد سے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں لوگوں کو نماز جمعہ ادا کرنے کی بھی اجازت نہیں دی۔
مقبوضہ علاقے میں دفعہ144کے تحت پابندیاں مسلسل نافذ ہیں اور انٹرنیٹ ، پری پیڈ موبائل اورایس ایم ایس سروسز بھی بدستور معطل ہیں۔
ادھر پینتھرز پارٹی کے کارکنوں نے موبائل انٹرنیٹ سروس پر مسلسل پابندی کے خلاف جموں کے نمائش گرائونڈ میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت پارٹی کے چیئرمین ہرشدیو سنگھ اوردیگر رہنمائوں نے کی ۔
دریں اثناء بھارتی فوجیوں نے کولگام ،اسلام آباد اور پلوامہ اضلاع میں بڑے پیمانے پر محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
بھارتی فوج کی راشٹریہ رائفلز، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور سپیشل آپریشن گروپ کے اہلکارکاروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
قابض حکام نے دو کشمیری نوجوانوں پر بھارت مخالف مظاہروں کا اہتمام اور پتھرائو کرنے کا الزام لگاکر انہیں کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت سینٹرل جیل سرینگر منتقل کردیا ہے۔
مقبوضہ کشمیر کے جموں خطے سے تعلق رکھنے والی حریت پسند تنظیموں نے اسلام آباد میں ایک اجلاس میںوادی کشمیر اورجموں خطے کے مسلم اکثریتی علاقوں میں جاری فوجی محاصرے اور موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کی معطلی اور خوراک اور ادویات کی قلت پر شدید تشویش کااظہار کیا ہے۔
جاپان نے مسئلہ کشمیر کو مذاکرات کے ذیعے پرامن طریقے سے حل کرنے پر زوردیا ہے۔یہ مطالبہ جاپان کی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے کیا ہے۔
اُدھر لندن میں خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے بارے میں ایک کانفرنس کے مقررین نے کہاہے کہ بھارتی فورسز مقبوضہ کشمیر میں کشمیری خواتین کو اندھا دھند طریقے سے نشانہ بنارہی ہیں ۔
اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر ظلم و جبر پر مبنی ایک ویڈیو بھی دکھائی گئی۔