Sunday, 15 December 2019, 05:33:32 pm
موڈیز نے پاکستان کا درجہ منفی سے بڑھا کراسے مستحکم کیٹگری میں شامل کردیا
December 02, 2019

درجہ بندی کے عالمی ادارے موڈیز نے پاکستان کی درجہ بندی منفی سے مستحکم کر دی ہے۔

ادارے نے قرضوں کی درجہ بندی بی تھری قرار دی ہے۔

پاکستان کی درجہ بندی میں یہ بہتری بنیادی طور پر ادائیگیوں کے توازن سے آئی ہے جو پالیسی ایڈجسٹمنٹ اور کرنسی کی قدر میں لچک کا مظاہرہ کرنے کے باعث ہوا۔

موڈیز نے حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کی بھی تعریف کی ہے۔

ادارے نے اپنی پریس ریلیز میں بڑے پیمانے پر معاشی استحکام کے لئے پاکستان کی پیش رفت کا ذکر کیا جس سے بیرونی خسارہ کم ہوا۔

موڈیز نے جاری مالیاتی اصلاحات پر بھی روشنی ڈالی جن سے قرضوں کے بوجھ میں اضافے اور سرکاری خزانے میں کمی کے خطرات دور ہوںگے۔

وزارت خزانہ نے ایک بیان میں کہا کہ درجہ بندی کا مستحکم ہونا ملکی معیشت کے استحکام کیلئے حکومت کے کامیاب اقدامات کی توثیق ہے۔

وزارت نے کہاکہ حکومت اپنے اصلاحاتی ایجنڈے پر مضبوطی سے کاربند ہے جن سے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں اور یہ ایجنڈا مستقبل میں مجموعی' تیز اور پائیدار ترقی کی بنیاد رکھنے میں معاون ثابت ہوگا۔

مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ موڈیز کی طرف سے پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری ملکی معیشت کے استحکام کے لئے حکومت کی کامیابیوں اور طویل مدت مثبت شرح نمو کی مستحکم بنیاد رکھنے کی حکومت کی کوششوں کا اعتراف ہے۔

منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر اسد عمر نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ موڈیز نے معاشی استحکام کیلئے حکومت کے اقدامات کو تسلیم کیا ہے جس سے ملکی معیشت مستحکم ہوگی اور پیداواری لاگت میں کمی آئے گی۔