Wednesday, 12 December 2018, 11:02:41 am
وزیراعظم کی تمام محکموں کو ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت
November 02, 2018

آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے تمام محکموں کو ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے جمعہ کے روز مظفر آباد میں دو ہزار اٹھارہ انیس کے مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزراء اور سیکرٹریز کو ہر پندرہ دن بعد اس اجلاس کے انعقاد اور وزیراعظم سیکرٹریٹ کو کارکردگی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔راجہ فاروق حیدر نے کہاکہ فوڈ ڈویلپمنٹ پروگرام دوبارہ شروع کیا جارہا ہے اور غربت کے خاتمے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے سالانہ پروگرام میں سیاحت' سماجی اور پیداواری شعبوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم نے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے میرپور واٹر سپلائی سکیم کے مسائل کے حل اور منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے متعلقہ حکام پر زور دیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سید آصف حسین نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فنڈز کا بڑا حصہ استعمال کیا گیا ہے اور ترقیاتی اہداف حوصلہ افزاء ہیں۔