Friday, 18 October 2019, 12:00:36 pm
ای کامرس پالیسی سے کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا:ڈاکٹر فردوس
October 02, 2019

 اطلاعات اور نشریات کے بارے میں وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نےکہا ہے کہ ای کامرس وزیراعظم کے ویژن کے تحت حکومت کا اہم اقدام ہے جس کا مقصد کاروبار میں آسانی پیدا کرنا اور نوجوانوں اور چھوٹے کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی کرناہے۔

 انہوں نے آج (بدھ) مختلف ٹویٹس میں کہا کہ ای کامرس پالیسی سے پاکستان کی معیشت کو موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملے گی اور ملک میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ مالیاتی امور کو ڈیجیٹل کرنے سے سرمایہ کار اور صارفین کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ پالیسی کے تحت سالانہ دس لاکھ روپے تک کاروبار کرنے والی کمپنیوں کو سکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن میں رجسٹریشن کرانا ہوگی۔

انہوں نےکہا سٹیٹ بنک تاجروں کو ڈیجیٹل نظام کا حصہ بنانے کےلئے رہنمائی فراہم کرے گا۔

 ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا دوہرے ٹیکس سے بچنے کےلئے ٹیکس گوشواروں کا واحد سادہ فارم متعارف کرایا جائے گا اور نقل و حمل کے شعبے کو مزید موثر بنانے کےلئے اسے ای کامرس پر منتقل کیا جائے گا۔

(این این آر، نصیرقریشی ،وہاج بشیر)