Wednesday, 12 August 2020, 10:54:31 am
بھارت اپنی گھناؤنی حرکتوں سے پاکستان، جموں وکشمیر کے درمیان موجود رشتوں کو ہرگزمتزلزل نہیں کرسکتا، سید علی گیلانی
July 02, 2020

فائل فوٹو

مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ بھارت اپنی گھناؤنی حرکتوں کے ذریعے پاکستان اور جموں و کشمیر کے درمیان موجود مضبوط رشتوں کو ہرگزمتزلزل نہیں کرسکتا۔

سید علی گیلانی نے اپنے تازہ ٹویٹ میں یہ بات زور دیکر کہی کہ کشمیر اور پاکستان کے تعلقات کی بنیاد کلمہ طیبہ ہے اور یہ بات یاد رکھنی چاہئے کہ ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے۔
میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم کے ایگزیکٹو ارکان مولانا عباس انصاری، پروفیسر عبد الغنی بٹ اور بلال غنی لون نے سرینگر میں ایک اجلاس میں کہا کہ جموں و کشمیر میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کی بھارتی سازشیں کشمیریوں کے لیے قابل قبول نہیں ۔
فورم کے ارکان نے حریت قیادت کایہ موقف دہرایا کہ تنازعہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق پاکستان ، بھارت اور کشمیریوں کے درمیان سہ فریقی مذاکراتی عمل کے ذریعے پر امن طریقے سے حل کیا جانا چاہیے۔
فورم نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے سوپور میں ایک شہری بشیر احمد خان کے وحشیانہ قتل کی شدید مذمت کی
جموں وکشمیر یوتھ سوشل فورم کا ایک وفد تنظیم کے چیئرمین عمر عادل ڈار کی سربراہی میں شہید شہری بشیر احمد خان کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے سرینگر کے علاقے ایچ ایم ٹی گیا۔
حریت رہنما ئوںشبیر احمد ڈار ، محمد اقبال میر، غلام نبی وسیم ،یاسمین راجہ اور ینگ مینز لیگ کے ایک وفد نے اسلام آباد قصبے جا کر حریت رہنما نذیر احمد خان کے ساتھ انکے بیٹے طارق احمد کی شہادت پر اظہار یکجہتی کیا۔
بھارتی فوجیوں نے طار ق احمد کو حال میں ایک تلاشی آپریشن کے دوران شہید کیا تھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آرگنائزیشن آف کشمیر کولیشن ''کے رہنمائوں بیرسٹر عبدالمجید ترمبو اور پروفیسر نذیر احمد شال نے اقوام متحدہ اور جنیوا میں یورپی پارلیمنٹ کے اعلیٰ عہیداروں کے نام ایک خط میں انکی توجہ مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر بھارتی مظالم کی طرف دلائی۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مقبوضہ کشمیر میں ایک تین سالہ پوتے کے سامنے اسکے دادا کے قتل پر افسوس ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ شہری کے قتل کے ذمہ دار لوگوں کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کی ضرورت ہے۔