Thursday, 25 April 2024, 05:39:48 pm
امریکہ افغانستان میں اپنی ناکامیوں کا الزام پاکستان پر عائد کرکے قربانی کا بکرا بنانا چاہتا ہے،تجزیہ کار
January 02, 2018

 ممتاز تجزیہ کاروں اور پالیسی سازوں نے کہا ہے کہ امریکہ افغانستان میں اپنی ناکامی کا الزام پاکستان پر عائد کرکے اسے قربانی کا بکرا بنا نا چاہتا ہے۔ ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان کے خلاف حالیہ ٹویٹ بھارت کے اثرورسوخ کا نتیجہ ہے کیونکہ دونوں ملکوں نے پاکستان اور چین کے خلاف گٹھ جوڑ قائم کررکھا ہے۔ معروف تجزیہ کار ڈاکٹر پرویز اقبال چیمہ نے کہا کہ اربوں ڈالر خرچ اور فوج کی بھاری نفری کی تعیناتی کے باوجود امریکہ افغانستان میں کوئی کامیابی حاصل نہیں کرسکا اور ملک میں استحکام نہیں لاسکا۔بین الاقوامی تعلقات کے بارے میں سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر فاروق حسنات نے کہاکہ امریکہ کی طرف سے پاکستان کو دی جانے والی رقم تحفہ نہیں تھی بلکہ یہ لاجسٹک سپورٹ کی مد میں دی گئی جوپاکستان نے امریکہ کو فراہم کی۔اس لاجسٹک سپورٹ میں امریکہ کی طرف سے افغانستان بھیجے جانے والے اسلحہ کی ترسیل کیلئے ہوائی اڈوں اور زمینی راستوں کا استعمال شامل ہے۔ڈاکٹر رشید خان نے امریکی صدر کے ٹویٹ کو مسترد کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کو نقصان پہنچایا ہے۔ ڈاکٹر عبدالواجد نے کہاکہ خطے کے زمینی حقائق سمجھنے کی ضرورت ہے اور امریکہ کو پاکستان کے ساتھ الزام تراشی میں نہیں پڑنا چاہیے۔ڈاکٹر طلعت وزارت نے کہا کہ بھارت امریکہ گٹھ جوڑ کا مقصد علاقائی امن کو نقصان پہنچانا ہے اور ان دونوں ملکوں کی مخالفت عام طور پر چین اور خاص طور پر پاکستان کے خلاف ہے۔ دفاعی تجزیہ کار کموڈور ریٹائرڈ ڈاکٹر اظہر احمد نے کہاکہ علاقائی ملکوں کو مشترکہ مفادات کیلئے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نعیم خالد لودھی نے کہاکہ امریکہ بھارت کی خواہشات پوری کررہا ہے کیونکہ دونوں کے گٹھ جوڑ کا مقصد پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.