نواز شریف نے کہا کہ سیلاب سے بچائو کیلئے قومی سطح پر کمیٹی تشکیل دی جانی چاہئے

 سیلاب متاثرین کی بحالی اولین حکومتی ترجیح ہے:وزیراعظم
01 اکتوبر 2014 (16:21)
0

 وزیراعظم نواز شریف نے کہاہے کہ مستقبل میں سیلاب سے بچائو کیلئے اقدامات تجویز کرنے اور سیلاب سے نقصانات کو کم کرنے کیلئے سیلاب سے بچائو کیلئے قومی کمیٹی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔
وہ بدھ کی سہ پہر وزیر آباد میں سیلاب متاثرین میں فی خاندان پچیس ہزار روپے کی پہلی قسط تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت امدادی کا رروائیوں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ متاثرین سیلاب کی بحالی بھی بنیادی ترجیح ہوگی ۔ اُنہوں نے کہا کہ مستقبل میں سیلاب سے بچائو کیلئے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے ۔
نوازشریف نے کہاکہ ہمارے وسائل محدود ہیں جبکہ نقل مکانی کرنے والے افراد کی مدد ، بجلی کی کمی ، بجلی کی سستے داموں فراہمی اور ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کے قیام جیسے بڑے مسائل کا سامناہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت جس رفتار سے امدادی سرگرمیوں کو یقینی بنانے کیلئے حرکت میں آئی وہ بے مثال ہے ۔
پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف نے تمام سرگرمیوں کی خود نگرانی کی اور اُن کی ٹیم اور مسلح افواج ، پولیس، ریسکیو 1122اور پاکستان مسلم لیگ نون کے یوتھ ونگ نیا مدادی مرحلے کے دوران گرانقدر خدمات سرانجام دیں ۔
اُنہوں نے کہا کہ متاثرین سیلاب کی بحالی ایک بڑا چیلنج ہے اور مخیر حضرات کو آگے بڑھ کر اس سلسلے میں حکومت کا ساتھ دیں ۔
وزیراعظم نے کہا کہ متاثرین سیلاب میں پچیس ہزار روپے کی پہلی قسط بلا امتیاز تقسیم کی جارہی ہے ۔