وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ متاثرین کو مالی امداد کی پہلی قسط عیدالاضحی سے پہلے ادا کر دی جائے گی۔

حکومت پنجاب کی متاثرین سیلاب کو مالی امداد کی ادائیگی
01 اکتوبر 2014 (14:27)
0

حکومت پنجاب نے متاثرین سیلاب کو آج سے مالی امداد کی ادائیگی شروع کر دی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے پنڈی بھٹیاں میں ایک تقریب میں پروگرام کا آغاز کیا۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ متاثرین کو مالی امداد کی پہلی قسط عیدالاضحی سے پہلے ادا کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دوسری قسط کی ادائیگی اس مہینے کی بیس تاریخ سے شروع ہو گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے سیلاب میں جاں بحق ہونے والے ہر شخص کے لواحقین کو سولہ سولہ لاکھ روپے ادا کر دئیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ ججوں ، فوجی افسروں اور ہیڈماسٹروں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو متاثرین سیلاب کو معاوضوں کی ادائیگی کے کام کی نگرانی کریں گی۔


ریڈیو پاکستان کے لاہور کے نمائندے ابراہیم کاوان نے اطلاع دی ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے متاثرین سیلاب کیلئے پندرہ ارب روپے کی رقم مختص کی ہے۔پہلے مرحلے میں صوبے کے سولہ اضلاع میں ہر متاثرہ خاندان کو پچیس پچیس ہزار روپے دئیے جا رہے ہیں۔


صوبے کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں اس مقصد کیلئے اٹھہتر مراکز قائم کئے گئے ہیں۔صوبائی حکومت نے مالی امداد کی تقسیم کیلئے ایک طریقہ کار وضع کیا ہے جس کے تحت کوئی مستحق شخص اپنے حق سے محروم نہیں رہے گا۔

ریڈیو پاکستان کے ملتان کے نمائندے کے مطابق امدادی رقم کی پہلی قسط کی ادائیگی کا عمل آئندہ تین روز تک جاری رہے گا۔امدادی رقم کی ادائیگی کے لئے سات مراکز ضلع ملتان ، چار خانیوال اور گیارہ ضلع مظفرگڑھ میں قائم کئے گئے ہیں۔


خاندانوں کو ان کے نقصان کی تصدیق کے بعد امدادی رقوم کی ادائیگی کی جارہی ہے۔دوسرے مرحلے میں متاثرہ خاندانوں کو سیلاب کے باعث ان کی فصلوں کو پہنچنے والے نقصان کا معاوضہ ادا کیا جائے گا۔