وزیر داخلہ کا قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی کویقینی بنانے کیلئے اسلام آباد اور لاہور ہائیکورٹ کے مثبت کردار کی تحسین۔

چودھری نثار کاعدالتی فیصلے پر عمران کے ردعمل کا خیر مقدم
01 نومبر 2016 (18:06)
0

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ وہ کل سے جلسہ عام کے سلسلے میں تحریک انصاف کی قیادت سے رابطہ کرے۔
منگل کے روز اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سپریم کورٹ کی کاروائی اور ہدایات پر عمران خان نے رد عمل کا خیر مقدم کیا ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے چار ماہ قبل عدالت عظمیٰ سے پانامہ پیپرز کی تحقیقات کے لیے ضابطہ کار واضع کرنے کے لیے کہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج کی پیش رفت امن ،جمہوریت ، قانون کی بالا دستی اور اداروں پر اعتماد کی جیت ہے۔
چوہدری نثار علی خان نے حکومت کی طرف سے دھرنے کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی تحریک انصاف کی شکایات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے تحریک انصاف کو ایف نائن پارک میں عوامی جلسوں کے لیے کھلی چھوٹ دی تھی۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے خیبر پختونخوا کی حکومت کا راستہ روکا جو وفاق کے خلاف سرکاری وسائل استعمال کر رہی تھی۔

ایک سوال پر چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ خبر افشا ہونے کے معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے اتفاق رائے سے تین خفیہ اداروں اور تین دیگر ارکان کا انتخاب کیا گیا ہے۔
ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ ایف سی ملک کے دفاع اور امن و امان کی صورتحال بر قرار رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔