مشیر خارجہ نے ہارٹ آف ایشیاء استبول پراسیس کی چوتھی وزارتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ افغانستان میں انتخابات کے بعد جمہوری انداز میں اقتدار کی منتقلی کا تاریخی عمل مکمل ہوا ہے۔

پاکستان افغانستان کی ترقی کیلئے چین کےتعمیری کردارکی مکمل حمایت کرتاہے:سرتاج عزیز
01 نومبر 2014 (11:40)
0

پاکستان افغانستان میں امن اور اقتصادی ترقی کیلئے چین کے تعمیری کردار کی مکمل حمایت کرتا ہے ۔یہ بات مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بیجنگ میں ہارٹ آف ایشیاء استبول پراسیس کی چوتھی وزارتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے اعتمادسازی کے ان چھ اقدامات میں شریک ہے جن کا مقصد تعمیری علاقائی تعاون کے ذریعے وسط ایشیاء میں استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینا ہے۔


مشیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں حالیہ انتخابات کے بعد جمہوری انداز میں اقتدار کی منتقلی کا تاریخی عمل مکمل ہوا ہے۔سرتاج عزیز نے افغان قیادت کے تحت امن عمل کی مکمل حمایت کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا

 اس سے پہلے کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے کہا کہ افغان عوام کو اتحاد،استحکام ، امن ، تعمیر نواورترقی کے نئے مواقع ملے ہیں۔چینی وزیراعظم نے افغان مسئلے کے حل کیلئے پانچ نکاتی تجویز پیش کی۔انہوں نے افغانستان کی تیز تر اقتصادی تعمیر نو کی ضرورت پر بھی زور دیا۔