سرتاج عزیز اور جوادظریف نے دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی نگرانی کے انتظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زوردیا۔

پاکستان اور ایران کاتجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے پراتفاق
01 نومبر 2014 (13:05)
0

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بیجنگ میں ہارٹ آف ایشیاء استنبول پراسیس کانفرنس کے موقع پر ایران اور ترکی کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔ سرتاج عزیز اور ایرانی وزیر خارجہ جوادظریف نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔


انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی نگرانی کے انتظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔ سرتاج عزیز اور ترکی کے وزیر خارجہ میولیٹ کافوسوگلو نے موجودہ دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔


انہوں نے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال اور اسلامی ملکوں کو درپیش مسائل پر بھی بات چیت کی۔

قومی سلامتی اور امور خارجہ کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز نےامریکی صدر کے مشیر جان پوڈیسٹا سے بھی ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات ، خطے اور افغانستان میں موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران سرتاج عزیز نے ایک پرامن ، مستحکم ، متحد اور خوشحال افغانستان کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

پوڈیسٹانے دہشت گردی جیسے مسائل سے نمٹنے کے لئے مشترکہ مفادات کی اہمیت پر زوردیا۔انہوں نے پاکستان کے لئے خصوصا اقتصادی اور توانائی کے شعبوں میں امریکی تعاون جاری رکھنے کا بھی اعادہ کیا۔