سپیکر قومی اسمبلی نے کہاہے ک افغان قیادت نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔

01 مئی 2017 (14:13)
0

قومی اسمبلی کے سپیکر سردارایاز صادق نے کہا ہے کہ افغان قیادت نے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کیلئے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔
وہ پیر کے روز اسلام آباد میں افغانستان سے واپسی کے بعد صحافیوں سے گفتگوکر رہے تھے جہاں انہوں نے افغان قیادت سے ملاقات کرنے والے پارلیمانی وفد کی قیادت کی ۔
سپیکر نے کہاکہ پاکستان کی پوری سیاسی قیادت افغانستان کے ساتھ بامقصد شراکت داری کے قیام کیلئے متفق ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان خطے میں امن کو فروغ دینا چاہتا ہے اور وہ اپنے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کی بہتری میں اپنا کردارادا کرتا رہے گا۔
ایاز صادق نے دور ے کو انتہائی کامیاب قراردیتے ہوئے کہاکہ مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے ۔
انہوں نے کہاکہ یہ دورہ دونوں ملکوں کے درمیان پائیدار امن اوردوستی کی راہ ہموار کرے گا ۔
سپیکر نے کہاکہ اعلی افغان قیادت جلد پاکستان کا دورہ کرے گی ۔