قومی سلامتی اور امور خارجہ کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر نے کہاکہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔

 پاک بھارت مذاکرات سے کنٹرول لائن کشیدگی میں کمی ہوگی:سرتاج
01 مارچ 2015 (14:21)
0

قومی سلامتی اور امور خارجہ کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات کے دوران دیرینہ مسئلہ کشمیر سمیت تمام امور پر بات چیت کی جائے گی۔

انہوں نے اتوار کو لاہور میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے کہاکہ سیکرٹری خارجہ کی سطح کے مذاکرات بھارت نے منسوخ کیے تھے اوراب بھارت نے ہی ان مذاکرات کو بحال کردیا۔
ایک سوال پر سرتاج عزیز نے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان مذاکرات سے کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر کشیدگی کم کرنے میں مدد ملے گی۔  بھارت کے دفاعی بجٹ میں اضافے کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ پاکستان ہتھیاروں کی دوڑ میں کبھی بھارت کے ساتھ شامل نہیں ہوا انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنا دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتاہے۔


سرتاج عزیز نے کہاکہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔  مشیر نے کہاکہ افغانستان کے ساتھ اعتمادسازی کا ماحول بحال ہوگیا ہے اور پاکستان اور افغانستان کے درمیان خفیہ معلومات کے تبادلے اور دفاعی شعبے میں تعاون میں بہتری آئی ہے۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان ، افغانستان یا کسی دوسرے ملک کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت کبھی نہیں دے گا۔