مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوج نے نتھی پورہ میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا
01 جون 2017 (13:55)
0

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی نئی کارروائی میں آج سوپور کے علاقے نتھی پورہ میں ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا۔قابض بھارتی فوج نے گزشتہ ماہ اٹھائیس کشمیریوں کو شہید کیا۔
آج کشمیر میڈیا سروس سے جاری اعداد وشمار کے مطابق اس عرصے کے دوران 9 سو پینتالیس افراد زخمی ہوئے جبکہ حریت رہنماؤں اور طلباء سمیت تین سو پینسٹھ افراد کو گرفتار کیا گیا۔

ادھر ، کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ جب تک بھارت جموں وکشمیر کو متنازعہ علاقہ تسلیم نہیں کرتا اسکے ساتھ کوئی بات چیت ممکن نہیں۔
سری نگر میں جاری ایک بیان میں سید علی گیلانی نے کہا کہ ہم مذاکرات کی بھیک مانگیں گے نہ جھکیں گے بلکہ خودارادیت کے حق کے حصول کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزاحمتی قیادت کی نظربندی اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کی اور مقبوضہ علاقے کے تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل کے تعطل پر تشویش کا اظہار کیا۔