ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت جو کسی بھی جماعت کی ہواسے مصدقہ اصولوں کے مطابق پالیسیاں تشکیل دینی چاہئیں تاکہ جمہوریت اپنی جڑیں پکڑ سکے۔

جمہوری سفر کے3 برسوں کی کامیابی سے تکمیل قوم کی سیاسی بالغ نظری کا ثبوت ہے:صدر
01 جون 2016 (00:18)
0

صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ کامیابی سے جمہوری سفر کے تین برسوں کی تکمیل قوم کی سیاسی بالغ نظری کا ثبوت ہے۔وہ آج اسلام آباد میں پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔صدرنے کہاکہ یہ حقیقت اس بات کا مظہر ہے کہ نظام اس قدر مستحکم ہوچکا ہے کہ وہ بحرانوں کا مقابلہ کرسکے اور ملک کو پائیدار ترقی اوراستحکام کی راہ پر گامزن کرسکے۔

انہوں  نے کہاکہ حکومت نے قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا، اقتصادی ترقی اورعوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی کے چیلنجوں پر کامیابی سے قابو پایا،جمہوریت کو مستحکم بنایا اورفرد اور معاشرے کے درمیان تعلقات قائم کرنے میں کامیاب رہی ہے۔صدر نے کہا انہیں اس بات پر خوشی ہے کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں اس بات کا ادارا ک ہے اورجمہوریت کے استحکام کے لئے اسی فلسفے کی روشنی میں پالیسیاں تشکیل دی جارہی ہیں۔
ممنون حسین نے کہاکہ یہ اب ہر فرد ،طبقے اورادارے کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مثبت رجحان کو جاری رکھنے کیلئے ایمانداری سے اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہاکہ حکومت جو کسی بھی جماعت کی ہواسے مصدقہ اصولوں کے مطابق پالیسیاں تشکیل دینی چاہئیں تاکہ جمہوریت اپنی جڑیں پکڑ سکے اور لوگ خوشحال زندگی بسر کرسکیں۔
حکومت کی تین سالہ معاشی کارکردگی کے اعدادو شمار کے بارے میں صدر نے کہاکہ ٹیکس کا نظام اور محاصل میں بہتری آئی ہے ،غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہواہے، مجموعی ملکی پیداوار میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے اور اس سال شرح نمو چا ر اعشاریہ سات فیصد رہی۔انہوںنے کہابجٹ خسارے میں کمی آئی ہے ، مہنگائی پر قابو پا لیاگیا ہے اور روپے کی قدر مستحکم ہے۔

انہوں نے کہا  کہ ان مثبت اعشاریوں سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہوگی اورہماری معاشی ترقی کا عمل تیز ہوگا جسے چین پاکستان اقتصادی راہداری سے مزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی محاذ پر ایسی مثبت پیشرفت حقیقت پسندانہ پالیسیوں میں تسلسل کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
صدر نے کہا کہ بہتر معاشی صورتحال کے فوائد عام آدمی تک پہنچانے کے لئے مزید اقدامات کئے جانے چاہئیں۔
حکومت کی طرف سے کئے گئے فلاحی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں  نے کہا کہ ان اقدامات میں نوجوانوں کے لئے کاروباری مواقع اورفنی تربیت ، غربت کے خاتمے کیلئے جامع پروگرام وزیراعظم کی بیمہ صحت سکیم، روز مرہ کی اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں رعایت، کاشتکاروں کے لئے خصوصی پیکیج، تعلیمی سہولتوں کی فراہمی، پسماندہ علاقوں کے طلبا کے لئے وظائف اور ہونہار طلبا کو لیپ ٹاپ کی فراہمی شامل ہیں۔