وزیر خزانہ اسحاق ڈار نےایف بی آر کے حکام کو گزشتہ مالی سال کے محاصل کے حتمی اعدادوشمار مرتب کرنے کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر خزانہ کا ایف بی آر ٹیکس وصولی کے اقدامات سےمتعلق امورکاجائزہ
01 جولائی 2017 (19:03)
0

ہفتے کے روز اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے زیر قیادت اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور ٹیکس وصولی کے اقدامات سے متعلق امور کاجائزہ لیا گیا۔
اسحاق ڈار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایف بی آر کے حکام کو گزشتہ مالی سال کے محاصل کے حتمی اعدادوشمار مرتب کرنے کا عمل تیز کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے حکام سے کہا کہ وہ تیس جون دوہزار سترہ تک جمع کرائی جانے والی تمام رقوم کو حتمی اعدادوشمار میں شامل کریں۔
اس موقع پر وزیر خزانہ کو ٹیکس محاصل کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بتایا گیا ۔ انہیں بتایا گیا کہ محاصل کے اعدادوشمار کی حتمی صورتحال آئندہ چند روز میں سامنے آجائے گی۔
اسحاق ڈار نے ایف بی آر کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین ڈاکٹر محمد ارشاد کو ان کی مدت پوری ہونے پر مبارکباد دی۔ وزیر خزانہ نے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں ایک تعریفی شیلڈ بھی پیش کی۔