file photo

بھارتی فورسز کی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کاروائی، 2نوجوان شہید
01 جولائی 2017 (18:00)
0

مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد کے علاقے دیال گام میں آج بھارتی فوج نے ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی میں مزید دو نوجوانوں کو شہید کردیا جس سے آج کے دن میں شہادتوں کی تعداد چار ہوگئی ہے۔
بھارتی فوجیوں نے تلاشی اور محاصرے کی پرتشدد کارروائی کے دوران بشیر احمد وانی عرف بشیر لشکری اور آزاد ملک نامی نوجوان کو شہید کردیا ۔ بھارتی فوج نے علاقے میں ایک مکان بھی نذر آتش کردیا۔
اس سے قبل فوجیوں نے علاقے میں آپریشن کے خلاف مظاہرہ کرنے والے کشمیریوں پر اندھادھند گولیاں ، پیلٹ اورآنسو گیس کے گولے پھینکے جس کے باعث طاہرہ بیگم نامی خاتون اور ایک نوجوان شاداب احمد شہید اور کئی افراد زخمی ہو گئے۔
کٹھ پتلی حکام نے ضلع اسلام آبادمیں موبائل انٹرنیٹ سروس معطل کر دی اور دیالگام میں کرفیو جیسی پابندیاں نافذ کر دیں۔ انتظامیہ نے طلباء کو بھارت مخالف مظاہروں سے روکنے کے لیے ضلع میں تعلیمی ادارے بھی بند کر دیے ۔
بشیر احمد وانی کی شہادت کی خبر سنتے ہی ہزاروں افراد نے کوکرناگ میںشہید کے آبائی گائوں صوف شالی کی طرف مارچ کیا ۔
ادھر کشمیرمیڈیاسروس کی طرف سے آج جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ دو نوجوانوں سمیت37بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔