سعد رفیق نے کہا کہ جمہوری نظام کی بدولت ملک ترقی وخوشحالی اور امن کی راہ پر گامزن ہے۔

ملک کو درپیش مسائل کا حل جمہوری عمل کے تسلسل میں ہی ہے:خواجہ سعد رفیق
01 جولائی 2017 (17:21)
0

ریلوے کے وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش مسائل کا حل جمہوری عمل کے تسلسل میں ہی ہے۔
انہوں نے آج لاہور میں پاکستان مسلم لیگ نون کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف اور مسلم لیگ نون نے عدلیہ کی بحالی کیلئے قربانیاں دی ہیں۔
سعد رفیق نے کہا کہ جمہوری نظام کی بدولت ملک ترقی وخوشحالی اور امن کی راہ پر گامزن ہے اور اس کا سہرا وزیراعظم محمد نواز شریف کے سر ہے جنہوں نے تمام مسائل پر اتفاق رائے پیدا کیا ہے۔
سعد رفیق نے کہا کہ یہ بہتر جمہوری رویے کو اختیار کرنے کیلئے اہم وقت ہے کیونکہ مضبوط جمہوریت سے جمہوریت مخالف قوتوں کی حوصلہ شکنی کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اپنی پارٹیوں میں بھی جمہوریت لانی چاہئے اور وفاداریاں تبدیل کرنے والوں کو مسلم لیگ نون کی طرح موقع نہیں دینا چاہئے جس نے ان سیاست دانوں کو پالیسی سازی کے عمل میں شامل نہیں کیا۔
انہوں نے ملک میں جمہوریت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرنے پر بری فوج کے سابق سربراہ ریٹائرڈ جنرل راحیل شریف کی تعریف کی۔وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان کے دشمن پاک چین اقتصادی راہداری کے بڑے منصوبے کے آغاز سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی ملک کی موجودہ قیادت اور ملک بھر میں زیر تکمیل بڑے ترقیاتی منصوبوں کے خلاف سازشیں ہرگز نہیں کرنے دی جائیں گی۔

پاکستان ریلویز کی آمدنی میں گزشتہ چار سال کے دوران بیس ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ہے اور اس کے خسارے میں دس ارب روپے کی کمی ہوئی ہے۔یہ بات وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے نوئیٹر پیغام میں کہی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ریلویز نے ہرسال اپنے مقرر کردہ اہداف حاصل کئے اور موجودہ مالی سال کے مقرر کردہ 53ارب روپے سے زائد کا ہدف حاصل کرکے مثال قائم کرے گا۔