File Photo

بھارت کا مقصد پاکستان میں اپنی دہشتگردانہ سرگرمیوں کو چھپانا ہے:ذکریا
01 جنوری 2017 (14:12)
0

دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے پاکستان پر بے بنیاد الزام تراشی کا مقصد دراصل پاکستان میں اپنی دہشت گردانہ سرگرمیوں کو چھپانا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی1267 پابندیوں کی کمیٹی میں بھارتی تحریک کی ناکامی سے متعلق ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بے بنیاد الزام تراشی پر مبنی بھارتی تجویز کا کوئی میرٹ نہیں تھا اور اس کا مقصد محض اپنی متعصبانہ قومی ایجنڈا آگے بڑھانا تھا۔

نفیس ذکریا نے کہاکہ پاکستان بھارت کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے براہ راست متاثرہ ملک ہے اور''را'' کے کارندے کل بھوشن یادیو کا پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف یہ حقیقت ثابت کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے اندر دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے مزید ثبوت بھی اقوام متحدہ اورعالمی برادری کو فراہم کئے جائیں گے۔
ترجمان نے دہشت گردی کے خاتمے کی اجتماعی کوششوں میں عالمی برادری کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے حوالے سے پاکستان کے عزم کااعادہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف عالمی کوششوں کی کامیابی میں نہ صرف اہم کردار ادا کیا بلکہ بے پنا ہ قربانیاں بھی دیں۔