File Photo

وزیراعظم نوازشریف کی استنبول میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت
01 جنوری 2017 (11:10)
0

وزیراعظم محمدنوازشریف نے نئے سال کے موقع پر ترکی کے شہراستنبول میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ پاکستان کے عوام اورحکومت کی جانب سے ایک بیان میں وزیراعظم نے حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر ترکی کی حکومت اورعوام سے دلی تعزیت کی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام ترک عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں اُن کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

نوازشریف نے کہاکہ دہشت گردی ہمارامشترکہ دشمن ہے اور دنیا کواس ناسور کے خاتمے کیلئے ملکر جنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے خو د بھی دہشت گردی کے ہاتھوں بے پنا ہ جانی اور مالی نقصان برداشت کیاہے اور وہ اس کے خاتمے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے گا۔

دریں اثناء ترجمان نے استنبول میں حالیہ دہشت گرد حملے کے تناظر میں ترکی کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کیا ہے جس میں انتالیس بے گناہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کی حکومت اور عوام نئے سال کی تقریب منانے کیلئے جمع ہوئے نہتے لوگوں کے خلاف دہشت گردی کے اس گھنائونے واقعے پر انتہائی افسردہ ہیں۔ بیان میں پاکستان کی طرف سے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت اور اس لعنت کے خلاف لڑنے کیلئے ترکی کے ساتھ تعاون کا اعادہ بھی کیاگیا ہے۔