پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے انٹرویو میں کہاکہ ایران کی حکومت خطے میں امن اورسلامتی کے لئے ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہے

file photo

ایران کا پاکستان ،اوربھارت کے ساتھ اپنے خصوصی تعلقات استعمال کرنے کی پیشکش
01 اپریل 2017 (07:45)
0

ایران نے مسئلہ کشمیر کے حل میں ثالثی کیلئے اپنا اثرورسوخ اور پاکستان اوربھارت کے ساتھ اپنے خصوصی تعلقات استعمال کرنے کی پیشکش کی ہے۔
پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے اے پی پی سے انٹرویو میں کہاکہ ایران کی حکومت خطے میں امن اورسلامتی کے لئے ہر قسم کے تعاون کیلئے تیار ہے۔
مہدی ہنر دوست نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کسی تنازع یا کشیدگی سے ناصرف دونوں ملکوںکی ترقی میں رکاوٹ پیدا ہوگی بلکہ خطے کی دوسر معیشتوں پربھی اس کے اثرات مرتب ہونگے۔ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی روابط کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزادانہ تجارتی معاہدے کے مسودے پر دستخط کردئیے گئے ہیں اور اس کے فعال ہونے سے دوطرفہ تجارت کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے متعلقہ حکام کا اجلاس پاکستان اور ایران کے درمیان آئندہ مشترکہ اقتصادی کمیشن کے بیسویں مرحلے میں ہوگا جس کا مقصد تجارتی روابط کومزید مضبوط بنانا ہے۔چین پاکستا ن اقتصادی راہداری سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ اس سے نہ صرف خطے کی تقدیر بدلے گی بلکہ اس سے علاقائی ملکوں کے درمیان اتحاد بھی قائم ہوگا۔