Saturday, 14 December 2024, 07:24:12 pm
 
قائم مقام صدر اور وزیراعظم کی مستونگ میں بم دھماکے کی شدید مذمت
November 01, 2024

قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی اور وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں لڑکیوں کے ہائی سکول میںبم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

 

انہوں نے اپنے الگ الگ پیغامات میں واقعے میں بچوں اور ایک پولیس اہلکار کے جاں بحق ہونے پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔

 

قائم مقام صدر نے اپنے پیغام میں ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں عزم ظاہر کیا کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے اس ناسور کیخلاف جنگ جاری رہے گی۔

 

انہوں نے کہا کہ ایک سکول پر حملے سے بلوچستان میں دہشت گردوں کی تعلیم دشمنی بے نقاب ہوگئی ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو دھماکے کے منصوبہ سازوں کو پکڑنے اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔

 

انہوں نے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفرازبگٹی نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کی اور غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اب معصوم بچوں کو ماررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔