Wednesday, 12 August 2020, 08:11:39 am
تمام سیاسی جماعتیں 5اگست کو یوم استحصال منانےکیلئےحکومت کاساتھ دیں،وزیرخارجہ
August 01, 2020

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے تمام سیاسی جماعتوں پرزوردیا ہے کہ وہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرتسلط جموں وکشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرنے کے بھارت کے غیرقانونی اقدام کا ایک سال مکمل ہونے پر پانچ اگست کو یوم استحصال کے طورپرمنانے میں حکومت کا ساتھ دیں۔
انہوں نے عیدالاضحی کی نماز ادا کرنے کے بعد ہفتہ کے روز ملتان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پوری قوم کو غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرتسلط جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد ایک سال پہلے بھارت کی طرف سے نافذ کیے گئے فوجی محاصرے کے خلاف متحد ہوکر آواز اٹھانی چاہیے اور کشمیریوں کو یہ پیغام دیناچاہیے کہ وہ حق خودارادیت کی اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو گزشتہ ایک سال سے مسلسل فوجی محاصرے کی وجہ سے بے تحاشہ مشکلات، تکالیف اور مظالم کا سامنا ہے۔
وزیرخارجہ نے کہاکہ وہ تین اگست کو خودکنٹرول لائن کا دورہ کریںگے اور یہ پیغام دیں گے کہ پاکستانی قوم حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی اور بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں مظالم کو مزید اجاگر کرنے کیلئے پانچ اگست کو آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریںگے ۔
انہوں نے کہاکہ صدر ڈاکٹر عارف علوی اس دن نام نہاد ہندو توانظریے کو مسلط کرنے کیلئے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں پر بھارتی مظالم کی مذمت کیلئے ایک ریلی کی قیادت کریںگے اور تمام وزرائے اعلی اپنی متعلقہ قانون ساز اسمبلیوں سے خطاب کریںگے۔
شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پوری دنیا مودی حکومت کی جانب سے بابری مسجد کی جگہ مندر کی بنیاد رکھنے کے اقدام کی مذمت کررہی ہے۔