Saturday, 26 May 2018, 09:14:06 am
وفاقی وزیر تجارت،گورنر سندھ کا ٹیکسٹائل کے شعبے کی بہتری پر تبادلہ خیال
May 01, 2018

تجارت اور ٹیکسٹائل کے وفاقی وزیر پرویز ملک نے منگل کے روز کراچی میں سندھ کے گورنر محمد زبیر سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران ٹیکسٹائل کے شعبے کی بہتری اور ٹیکسٹائل کی صنعتوں میں سرمایہ کاری سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر نے کہا کہ پاکستان قدرتی اور انسانی وسائل سے مالا مال ہے اور وقت کا تقاضا ہے کہ ہم ان وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھائیں' انہوں نے کہا کہ ہمیں مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے ٹیکسٹائل کے شعبے کو بھی فروغ دینے کی ضرورت ہے۔اس سلسلے میں انہوں نے ٹیکسٹائل کی صنعت میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی اہمیت کو اجاگر کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ٹیکسٹائل کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے اقدامات کے بہتر نتائج حاصل ہوئے ہیں او ر آئندہ سرمایہ کاری سے نہ صرف یہ صنعت بہتر ہوگی بلکہ بے روزگاری اور غربت کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔